صنعاء،12اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یمن میں معمول کی فوجی کارروائی کے دوران فنی خرابی سے ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں کم سے کم چار اماراتی سپاہی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یہ حادثہ جمعہ کو یمن کی شبوی گورنری میں پیش آیا۔فنی خرابی کے بعد کپتان نے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی تاہم ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا اور اس میں سوار چار اماراتی سپاہی شہید ہوگئے۔یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے سرگرم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ شبوی میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ہیلی کاپٹر میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کا نتیجہ تھا۔ پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی مگر وہ اس میں ناکام رہا اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر کے باقی عملے کو بھی معمولی زخم آئے ہیں۔